کراچی: پاکستان اسنوکر فیڈریشن کے صدر عالم گیر شیخ کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو عالمی اعزازکی انعامی رقم15 فروری تک ادا نہ کی گئی تو پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے احتجاج کیا جائے گا۔ کراچی پریس کلب میں نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عالم گیرشیخ کا کہنا تھا کہ محمد آصف ، محمد سجاد اور دیگر کھلاڑیوں نے پانچ ٹائٹل جیت کر دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا لیکن حکومت نے ان کے لیے اسپورٹس پالیسی کے تحت وقف دو کروڑاسی لاکھ روپے کی انعامی رقم اب تک ادا نہیں کی۔ عالم گیر شیخ نے کہا کہ ہاکی فیڈریشن کو متعدد ناکامیوں کے باوجود پانچ سال میں سو کروڑ روپے کی گرانٹ دی گئی لیکن اسنوکر کھلاڑیوں کو فتح کے باوجود انعام سے محروم رکھنا زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو عالمی اعزازکی انعامی رقم15 فروری تک ادا نہ کی گئی تو پارلیمنٹ ہاوس کے سامنے احتجاج کیا جائے گا۔ عالم گیر شیخ نے ہاکی کی جگہ اسنوکرکو قومی کھیل کا درجہ دینے کا مطالبہ بھی کیا۔