لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکاءاشرف کا کہنا ہے کہ کوچ ڈیو واٹمور نے پاکستان کرکٹ کے لیئے بہترین کام کیا۔ جب کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز کی بحالی کے لیئے بھارتی بورڈ سے بات چیت جاری ہے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں پی سی بی چیئرمین ذکاءاشرف نے غیر ملکی کوچ ڈیوواٹمور اور فیلڈنگ کوچ جولین فاونٹین سے ملاقات کی اور انکی کرکٹ کیلئے خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے تحائف دیئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ذکاءاشرف نے کہا کہ دونوں غیرملکی کوچز نے قومی ٹیم کو بلندی پر لے جانے میں بھرپور محنت کی۔ ذکاءاشرف کا کہنا تھا کہ28 جنوری کو دبئی میں شروع ہونے والی آئی سی سی میٹنگ میں بھارتی کرکٹ بورڈ سربراہ سری نواسن سے ملاقات بھی ہو گی جس میں پاک بھارت کرکٹ سیریز کی بحالی میں پیش رفت پر بات چیت کریں گے۔ آخری بار2013 میں پاکستان نے بھارت کا دور کیا تھا اور اب روایتی حریف کی پاکستان آنے کی باری ہے۔