نجم سیٹھی کو پی سی بی کے قوانین کا علم نہیں ہے : عامر سہیل

روٹرڈیم: سابق ٹیسٹ کرکٹر عامر سہیل نے کہا ہے کہ نئے چیئرمین کو پی سی بی کے قانون کا علم ہی نہیں۔ وزیر اعظم کو غلط مشورے دیے گئے، جب انتظامی ڈھانچہ ہی معطل ہے تو یہ نیا آ ئین کیسے بنا سکتے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آج پاکستان کی کرکٹ کی حالت دیکھ کر مجھے ہنسی بھی آتی ہے اور افسوس بھی ہوتا ہے کہ کرکٹ کی باگ ڈور کیسے کیسے لوگوں کے ہاتھ میں جا رہی ہے۔ ذکا اشرف منتخب چیئرمین تھے، نئے چیئرمین کو اخلاقیات کا مظاہرہ کرتے ہوئے وزیراعظم سے کہنا چاہیے تھا کہ ان کو نہ ہٹائیں، اگر موجودہ وزیراعظم پرویز مشرف کے اقدام کو غلط قرار دیتے ہیں تو یہ اقدام بھی ویسا ہی ہے۔ مجھے کرکٹ بورڈ میں آنے کی ضرورت نہیں، میں میڈیا سے جڑا بندہ ہوں۔ ایک نجی ٹی وی پر کامیاب پروگرام بھی کر رہا ہوں۔ کرکٹ کو جب بھی میری ضرورت ہوئی میں اپنی خدمات پیش کروںگا لیکن نجم سیٹھی کے ساتھ کام کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ٹیم کے انتخاب میں فیورٹ ازم ہے، اچھے کھلاڑی کو بھی سفارش یا رشوت کی ضرورت ہوتی ہے، میں کسی کا نام نہیں لینا چاہتا لیکن بہت کچھ ہو رہا ہے۔مجھے بھی کئی مرتبہ پیسے کی آفرز ہوئیں لیکن میں نے اس کو حرام سمجھا، پی سی بی کا آئین بنانے کا اختیار وزیراعظم کے پاس بھی نہیں ہے، یہ انتہائی غلط فیصلے کر رہے ہیں۔ جب جنرل باڈی ہی معطل ہے تو پھر ترمیم کیسے ہوسکتی ہے۔ خرابی آئین میں نہیں، بورڈ ممبران میں ہے اور بورڈ کو چلانے کے طریقے میں خرابی ہے۔ بگ تھری کا معاملہ آیا تو ان کو9 جنوری کو ہی پتہ چل گیا تھا لیکن انہوں نے پتہ نہیں کیوں معاملے کو دبائے رکھا، چپ رہے اور کوئی تیاری ہی نہیں کی۔ اس ایشوکا مقصد یہ تھا کہ جتنے بھی بڑے کرپشن کے معاملات ہیں ان کو دبایا جاسکے اور وہ اس میں کامیاب بھی ہو گئے ہیں۔ آئی پی ایل میں پاکستان اور سری لنکا کے کسی کھلاڑی کی بولی نہیں لگائی گئی۔ شکیل شیخ نے لائیو ٹی وی شو میں مجھ سے معافی مانگ لی، میرے لئے اتنا ہی کافی ہے۔ اس موقع پر پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے رکن شکیل شیخ نے کہا کہ میں نے اگر جذبات میں آکر عامر سہیل اور باسط علی کے بارے میں کچھ غلط باتیں کی تھیں تو میں وہ واپس لیتا ہوں۔

Latest from Blog