ویلنگٹن: ویلنگٹن ٹیسٹ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر بھارت نے پہلی اننگز میں 2 وکٹ پر 100 رنز بنا لیے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف اننگز کی برتری ختم کرنے کے لیے اسے مزید 92 رنز درکار ہیں۔ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں مہمان بھارتی ٹیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو اس کے لیے مفید ثابت ہوا۔ میزبان کیویز پہلی اننگز میں 192 رنز پر آوٹ ہو گئی۔ کین ولیم سن 47 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ بھارت کی جانب سے ایشانت شرما نے 6 اور محمد شامی نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ بھارت کو بھی پہلی اننگز کے آغاز میں نقصان ہوا۔ 2 رنز پر اوپنر مرلی وجے پویلین لوٹے تو پوجارا بھی19رنز کا اضافہ کر کے آوٹ ہوئے۔ ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے شیکھر دھون نے نصف سنچری مکمل کی۔ دھوان71 اور ایشانت شرما 3رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔