امپائر اسد رﺅف میچ فکسنگ میں ملوث نہیں تھے : وندو دارا سنگھ

نئی دہلی: بھارت میں میچ فکسنگ کے بڑے کردار وندو دارا سنگھ نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستانی امپائر اسد رﺅف میچ فکسنگ میں ملوث نہیں تھے انہیں بلا وجہ بدنام کیا گیا۔ میچ فکسنگ اسکینڈل کی زد میں رہنے والے پاکستانی امپائر اسد روف پر2013 کے آئی پی ایل ایڈیشن میں سٹے بازی کا الزام لگا۔ اسد روف کو بدنام کرنے میں بھارتی میڈیا کے ساتھ ساتھ سابق کرکٹرز نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ پاکستانی امپائر کا نام میچ فکسنگ کے بڑے کردار وندودارا سنگھ کے ساتھ بھی جڑا اور دونوں کی مبینہ ٹیپ بھی سامنے آئی لیکن اب وندودارا سنگھ ہی اسد روف کی بے گناہی کے گواہ بن گئے ہیں۔ 2005 سے 2013 کے درمیان39ٹیسٹ،98 ون ڈے اور23 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں امپائرنگ کرنے والے اسد روف کا نام بھارتی ماڈل لینا کپور کے ساتھ بھی لیا گیا۔ دونوں کی قابل اعتراض تصاویر بھی سامنے آئیں۔ اسد روف پر لینا کپور کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام بھی لگا ان اسکینڈلز کے باعث اسد روف پی سی بی اور آئی سی سی پینل سے بھی آوٹ ہوئے۔

Latest from Blog