حکومتی عدم توجہی ، سابق عالمی اسنوکر چیمپئن محمد یوسف ملازمت سے برخاست

لندن( پی پی آئی ) حکومت کی عدم توجہی نے سابق عالمی اسنوکرچیمپئن محمد یوسف کو بے روز گارکردیا، موجودہ عالمی چیمپئن محمد آصف کو آٹھ ماہ گزرنے کے بعد بھی انعامی رقم نہیں دی گئی۔سترہ برس قبل پاکستان کواسنوکرمیں پہلا عالمی اعزاز دلوانے والے محمد یوسف سے وفاقی حکومت نے روز گار چھین لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کراچی پورٹ ٹرسٹ کی انتظامیہ نے محمد یوسف کو خاموشی کے ساتھ نوکری سے برخاست کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے کھلاڑیوں کے ساتھ ناروا سلوک سے ملک میں کھیل فروغ نہیں پاسکتا۔ صرف یہی نہیں، حکومت نے موجودہ عالمی چیمپیئن سے کیا گیا وعدہ بھی وفا نہ کیا۔ محمد آصف آٹھ ماہ سے پاکستان اسپورٹس بورڈ کی پالیسی کے تحت ایک کروڑروپے کی انعامی رقم کے منتظرہیں۔ حکومت کے طرز عمل سے یہ تاثرملتا ہے کہ خاص ہو یا عام ، کسی سے بھی کئے گئے وعدے پورے نہیں ہوں گے۔ سندھ ، پنجاب اورسرحد کے وزرائے اعلی نے بھی آصف کے لیے دس دس لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا تھا لیکن انہیں آج تک انعامی رقم نہیں مل سکی۔

Latest from Blog