جڑانوالہ کے مسلمانوں نے مسیحی برادری کو عبادت کیلئے مسجدپیش کردی

 جڑانوالہ (پی پی آئی) سانحہ جڑانوالہ کے بعد مسلمانوں نے مسیحی برادری کی عبادت کے لیے مسجد کھولنے کی پیشکش کردی اور وفد نے چرچ انچارج سے کہا کہ صبح مسجد کھول دیں گے، آپ وہاں آئیں اور اپنی عبادت کریں۔پی پی آئی کے مطابق جڑانوالہ کے تاریخی چرچ سالویشن آرمی کے انچارج میجر معشوق مسیح نے  بتایا کہ ’یہاں پر ایک مسجد ہے، ان کا وفدہمارے 2  دفعہ پاس آیا جنھوں نے کہا کہ ہم  صبح نو بجے آپ کے لیے مسجد کھول دیں گے، آپ وہاں آئیں، جس طرح آپ چرچ میں عبادت کرتے ہیں، اسی طرح آپ یہاں عبادت کریں،’میں نے ان سے کہا کہ آپ ایک مرتبہ سب سے مشورہ کر لیں، یہ نہ ہو کہ پہلے چرچ پر حملہ ہوا اور اب مسجد پر ہو جائے تو وہ دوبارہ آئے کہ سب سے بات چیت کرکے آئے ہیں، دوبارہ آکر کہا کہ ہم ہر قسم کا خطرہ مول لینے کے لیے تیار ہیں، آپ آئیں۔’ ہم آپ کے لیے مسجد کھولتے ہیں کیونکہ ہمارے نبی نے مسیحیوں کو عبادت کے لیے جگہ دی تھی، اس لیے آپ لوگ آئیں، ہم مسجد کھولیں گے‘۔ان کاکہناتھاکہ ’ہمارے پاس انتظامیہ کے لوگ بھی آئے تھے کہ ہم چرچ کی مرمت کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم نے انکار کر دیا،ہم نے ان سے یہ مطالبہ کیا ہے کہ آپ یہ چرچ مکمل طور پر گرا کر دوبارہ بنائیں کیونکہ اوپر والی منزل پر تقریباً  200  افرادعبادت کرتے ہیں اور اس وقت اس جگہ دیواریں اور چھتیں کمزور ہیں، اگر وہ کسی دن گرگئیں تو پھر کوئی سانحہ ہوسکتا ہے۔

Latest from Blog