معروف گلوکارہ نیّرہ نور کی پہلی برسی منائی گئی

کراچی (پی پی آئی)بلبلِ پاکستان کا ٹائٹل حاصل کرنے والی معروف گلوکارہ نیّرہ نور کو بچھڑے ایک سال بیت گیا۔ان کے مداحوں نے پیر کو پہلی برسیمنائی اور  ان کی یادیں تازہ کیں۔پی پی آئی کے مطابق3 نومبر 1950 میں بھارتی ریاست آسام میں پیدا ہونے والی نیّرہ نور 50 کی دہائی کے آخر میں اپنے خاندان کے ساتھ ہجرت کر کے پاکستان آئی تھیں۔ان کا کیرئیر 70 کی دہائی سے شروع ہوا اور  2022 تک جاری رہا۔ نیّرہ نے باقاعدہ موسیقی کی تعلیم حاصل نہیں کی بلکہ ریڈیو سن سن کر گانا سیکھا۔1968 میں انہوں نے ریڈیو پاکستان اور پھر 1971 میں پاکستان ٹیلی ویژن پر گانے گانا شروع کر دیے۔نیّرہ نور کا شمار ملک کی ٹاپ پلے بیک سنگرز میں ہوتا ہے اپنے شاندار کریئر کے دوران کئی ایوارڈز اور تعریفیں سمیٹیں، ساتھ ہی 2005 میں انہیں حکومت پاکستان نے صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے نوازا۔ان کی خوبصورت اور مترنم آواز کی وجہ سے انہیں بلبل پاکستان کا خطاب بھی دیا گیا تھا۔پی پی آئی کے مطابق نیّرہ نور کی شادی ساتھی گلوکار شہریار زیدی سے ہوئی جو کہ اب اداکاری کے شعبے میں نمایاں ہیں، ان کے دو بیٹے (علی اور جعفر) ہیں۔ان کے معروف گانوں ملی نغموں اور غزلوں میں، تیرا سایہ جہاں بھی ہو سجنا، روٹھے ہو تم تم کو کیسے مناؤں پیا، آج بازار میں پا بجولاں چلو، کہاں ہو تم چلے آؤ، اے عشق ہمیں برباد نہ کر اور وطن کی مٹی گواہ رہنا سمیت دیگر بہت سے شامل ہیں۔نیّرہ نور کا انتقال 21 اگست کو مختصر علالت کے بعد کراچی میں ہوا تھا۔

Latest from Blog