انتہائی نایاب برفانی تیندوے کی4 کھالیں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

 ایبٹ آباد (پی پی آئی) خیبر پختونخوا کے ایبٹ آباد  وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ انتہائی نایاب برفانی تیندوے کی چار کھالیں گلگت بلتستان سے اسلام آباد سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے جبکہ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔پی پی آئی کے مطابق دوران تفتیش گرفتار ملزمان نے بتایا کہ وہ چاروں کھالیں گلگت بلتستان کے ضلع غذر سے لے کر اسلام آباد جا رہے تھے، جہاں پر ان کو مہنگے داموں فروخت کرنا تھا۔محکہ وائلڈ لائف ایبٹ آباد کے ایس ڈی ایف او سردار نواز نے بتایا کہ ملزمان نے دوران تفتیش بتایا کہ انھوں نے یہ چاروں کھالیں 30 لاکھ روپے میں حاصل کی تھیں جبکہ ان کا پروگرام تھا کہ وہ ان کو اسلام آباد میں مزید مہنگے داموں فروخت کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ محکمہ وائلڈ لائف خیبر پختونخوا نے وائلڈ لائف ایکٹ سنہ 2015 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے چاروں افراد پر زیادہ سے زیادہ جرمانہ فی کھال تقریباً ایک لاکھ روپے کر دیا ہے۔ جرمانے کی ادائیگی کے بعد ملزمان کو رہا کر دیا گیا جبکہ کھالیں ضبط کر لی گئی ہیں۔

Latest from Blog