زکوٰة فنڈ سے تھرکے متاثرین کے بہترین علاج کیا جا رہا ہے: چئیر مین سندھ زکوٰة کونسل

حیدر آباد: سندھ زکوٰة کونسل کے چیرمین جسٹس ریٹائرڈ زاہد قربان علوی نے کہا ہے کہ تھر کے قحط متاثرین کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے زکوٰة فنڈ سے ضلع ہسپتال مٹھی اور ضلع ہسپتال عمر کوٹ کوپچاس پچاس لاکھ روپے دیے گئے ہیں ، ضرورت پڑنے پر زکوٰة فنڈ میں سے مزیدرقم فراہم کی جائے گی ۔ اس بات کا اظہار انھوں نے لیاقت یونیورسٹی حیدرآباد میں تھر کے مریضوں کے لیے قائم کردہ خصوصی وارڈ کا دورہ کرتے ہوئے کیا ۔ انھوں نے کہا کہ زکوٰة فنڈ کے منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے اور زکوٰة فنڈ میں سے نہ صرف غریبوں کا علاج کیا جارہا ہے بلکہ طالب علموں کو میرٹ اسکالر شپ ، مورا اسکالر شپ ، جہیز کے لیے امداد،غریبوں اور معذورین کے لیے ویل چیر دینے کے علاوہ دیگر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔ انھوں نے بتایا کہ زکوٰة کے فنڈ میں اضافہ کیاگیا ہے تاکہ مستحقین کے گزر سفر کو بہتر سے بہتر کیا جاسکے ۔ اس موقع پرلمس ہسپتال حیدرآباد کے ایم ایس ڈاکٹر خالد شیخ نے انھیںبتایا کہ جیسے ہی تھر میں صورتحال خراب ہوئی لمس حیدرآباد نے فوری طور پر تھر کے مریضوں کے لیے علیحدہ وارڈ قائم کیا ہے ،اب تک 92 مریض آئے ہیں جن میں سے اکثر صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو چلے گئے ہیں جبکہ تشویش ناک دو تین مریضوں کو علاج کے لیے کراچی بھیجا گیا ہے ۔انھوں نے بتایا کہ اس وارڈ میں تھر سے تعلق رکھنے والے 10 مریض زیر علاج ہیں جن کا علاج سرکاری خرچ پر کیاجارہا ہے ۔ قبل ازیںسندھ زکوٰة کونسل کے چیرمین زاہد قربان علوی نے گورنمنٹ نزرتھ گرلز کالج حیدرآباد میں 36 طالبات میں 3900 روپے کے حساب سے میرٹ اسکالر شپ کے چیک تقسیم کیے جبکہ ایک فالج کے مرض میں مبتلا غریب مریض کو زکوٰة فنڈ میں سے ویل چیر بھی دی ۔ اس موقع پر ضلع زکوٰة کمیٹی حیدرآباد کے چیرمین حاجی شیر محمد پیر زادہ ، پی پی حیدرآباد کے رہنما امان اللہ سیال اور کالج کی پرنسپل بھی موجود تھیں ۔

Latest from Blog