حیدر آباد کو محدود وسائل کے باوجود بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں: جمال مصطفیٰ سید

حیدرآباد: ڈویزنل کمشنر حیدرآباد جمال مصطفی سیدنے کہا ہے کہ حیدرآباد ڈویزن میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ، ترقیاتی کاموں کا جال بچھانے، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے اور انکا معیار زندگی بہتر کرنے کیلئے حیدرآباد ڈویزن کے تمام اضلاع میں محدود وسائل کے باوجود حکومت کی جانب سے کوششیں جاری ہیں خصوصاً صحت ، تعلیم ، آمدورفت ، پارکس اور تفریح سمیت مختلف شعبوں میں ترقی کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے حیدرآباد کے تربیتی دورے پر آئے ہوئے نیشنل مینئجمینٹ کالج لاہورکے15ویں سینیئر مینئجمینٹ کورس کے افسران کے ایک وفد سے شہباز ہال شہباز بلڈنگ حیدرآباد میں ملاقات کے دوران کیا ۔ ڈویزنل کمشنر حیدرآباد نے کہا کہ حیدرآباد ڈویزن ملک کا سب سے بڑاڈویزن ہے جو کہ دس اضلاع پر مشتمل ہے اور اتنے بڑے ڈویزن کو سہولیات فراہم کرنا آسان نہیں ہے اس کے باوجود بھی ڈویزن کے تمام اضلاع کے باشندوں کو مطلوبہ سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں ۔ انہوں نے وفد کو مزید بتایا کہ حیدرآباد ڈویزن میںکراچی کے بعد صوبے کا دوسرا بڑا صنعتی زون ہے جہاں پر 500ایکڑ سے زائد اراضی پر قائم نوری آباد صنعتی زون میں 70 مختلف صنعتیں کام کر رہی ہیں اور 250ایکڑ ایراضی پر سائیٹ ایریا حیدرآباد میں مختلف چھوٹی بڑی صنعتیں قائم ہیں جن میں موٹر سائیکل ، کپڑا ، مشروبات اور دیگر اشیاءکی مختلف صنعتیںکام کر رہی ہیں جوکہ حیدرآباد ڈویزن اور ضلع میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ معیشت کو بھی مضبوط کررہی ہیں ۔ کمشنر حیدرآباد نے وفد کو مزید بتایا کہ حیدرآباد ڈویزن میں مختلف اضلاع مثلاً سجاول ، ٹھٹہ ، بدین اور حیدرآباد میں ونڈ کوریڈورزکے ذریعے بجلی پیدا کی جا رہی ہے اس کے علاوہ تقریباً 30 ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے ڈویزن کے دیگر اضلاع میں بھی ونڈ کوریڈور قائم کرنے کا سلسلہ جار ی ہے تاکہ حیدرآباد ڈویزن کے مختلف اضلاع میں بجلی کے بحران پر قابو پایا جا سکے ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد محمد نواز سوھونے حیدرآباد ضلع کے متعلق بریفنگ میں مختلف ثقافت، کھیل ، تعلیم ، تاریخی مقامات ، صحت ، حیدرآباد کی تاریخ ، شخصیات ، حیدرآباد میں قدرتی ذخائر کی موجودگی اور سالانہ ترقیاتی منصوبوں اور دیگر متعلقہ امور پر وفدکو تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ انھوں نے کہا کہ حیدرآباد میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے اور مستقبل کیلئے بھی میگا پروجیکٹ پر کام کیا جا رہا ہے تاکہ حیدرآباد شہر کی خوبصورتی کو بڑھایا جا سکے ۔ انھوں نے کہا کہ حیدرآباد شہر میں مختلف فلائی اوور اور دیگر ترقیاتی کام جاری ہیں جنکی تکمیل سے حیدرآباد شہر کی سابقہ رونقیں بھی بحال ہو سکیں گی اور حیدرآباد کے باشندوںکوسہولیات فراہم ہو سکیں گی ۔ انھوں نے مزید کہا کہ صوبائے سندھ کے دیگر شہروں خصوصاً کراچی کے مقابلے میں حیدرآباد ایک پر امن شہر ہے جس کیلئے اندرون و بیرون سرمایہ کار حیدرآباد میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی دکھا رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ شہر کے صنعتی زون میں امن امان کو برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدمات کےے جا رہے ہیں ۔ بعد ازاں متعلقہ پولیس افسران کی جانب سے حیدرآباد ڈویزن میں امن امان کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی ۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنرٹو محمد عمر فاروق بلو ، ایڈیشنل کمشنر ون پرویز احمد بلو ، ایس پی سٹٰی ہیڈ کوارٹر عمر طفیل اور دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے۔

Latest from Blog