حیدر آباد: حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے سینئر صحافی حامد میر پر قاتلانہ حملے کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ پی ایف یو جے کے صدر رانا محمد عظیم اور سیکریٹری جنرل امین یوسف کی اپیل پر سینئر صحافی حامد میر پر قاتلانہ حملے کے خلاف حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرے میں شریک صحافی بینر اور پلے کارڈز اٹھائے حامد میر پر حملے کے خلاف نعرے لگا رہے تھے، اس موقع پر حےدرآباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر جنید خانزادہ اور پی ایف یو جے کی مرکزی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن حمید الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا میں صحافیوں کے لئے خطرناک ترین ملک بن چکا ہے، میڈیا ہاﺅسز اور صحافیوں پر حملے کرکے صحافت کی آزادی کو سلب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، انھوں نے کہا کہ میڈیا ہاﺅسز اور صحافیوں پر تواتر کے ساتھ حملوں کے باوجود حکومت غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہی ہے اور اب تک کسی بھی ملزم کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں نہیں لایا گیا ہے، مقررین کا کہنا تھا کہ حامد میر پر حملہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، انھوں نے کہا کہ صحافیوں پر تشدد اور انھیں قتل کئے جانے کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے لیکن حکومت انھیں تحفظ فراہم کرنے کے بجائے خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ سینئر صحافی حامد میر پر حملہ کرنے والے ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور واقعہ کی تحقیقات کرکے رپورٹ منظر عام پر لائی جائے۔
Next Post
اقوام متحدہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان متنازعہ علاقے کا مسئلہ حل کریں:سردار نزکت حسین
Mon Apr 21 , 2014
کراچی: اقوام متحدہ خطے میں امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کو حل کرے ۔پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر سندھ زون کے جنرل سیکرٹری سردار نزکت حسین نے کراچی پریس کلب میںاپنے خیا لات کا اظہارہوئے کہا کہ بھار تی حکومت نے بین الاقوامی سطح پر قائم شدہ متنازعہ علاقہ جمو ں کشمیر میں انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا […]

