ضلع جام شورو میں خسرہ ایمرجنسی مہم کا آغاز،19سے31مئی تک جاری رہے گی

حیدرآباد: ضلع جامشورو میں تندرست پاکستان کے تحت خسرہ ایمرجنسی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے، جوکہ 19سے31مئی تک جاری رہے گی۔ مہم کی افتتاحی تقریب سول ہسپتال کوٹری میں منعقد ہوئی، اسی دوران آگاہی ورکشاپ اور واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید عطاءاللہ شاہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شوکت حسین خاصخیلی، ڈاکٹر عبدالقادر ناریجو، فوکل پرسن ڈاکٹر شمس الدین سیال اورڈاکٹر اعجاز احمد میمن کے علاوہ محکمہ صحت کے افسران، پیرا میڈیکل اسٹاف، لیڈی ہیلتھ ورکروں اور شہریوں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے ہر مکتبہ فکر کے افراد کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا، بالخصوص والدین کو چاہئے کہ وہ اپنے بچوں کی بہتر نگہداشت کرتے ہوئے انہیںخسرہ سمیت مختلف وبائی امراض سے بچا کیلئے اپنی توجہ مرکوز رکھیں۔ انھوں نے بتایا کہ خسرہ انتہائی خطرناک بیماری ہے لہٰذا اس مرض میں مبتلا بچوں کو فوری طور پر قریبی صحت مرکز لے جانا چاہئے اور متنبہ کیا کہ اگر کسی بچے کا بروقت علاج نہیں ہوپاتا تو اس بچے میں مختلف قسم کی بیماریاں، جن میں آنکھوں اور مُنہ کی امراض سمیت نمونیا اور ہیضہ میں بھی بچے مبتلا ہوسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ خسرہ کی بیماری سے حفاظتی ٹیکوں کے ذریعے بچا جا سکتا ہے اوراس سلسلے میں مہم کے دوران 6ماہ سے10سال تک کی عمر کے بچوں کو اس خوراک کی فراہمی ضروری ہے، جبکہ مختلف اسپتالوںاورصحت مراکزکے علاوہ اسکولوں اور مدرسوں میں بھی بچوں کو ٹیکے لگائے جائیں گے۔ بعد ازاں سول اسپتال کوٹری سے شہر کے مرکزی چوک تک واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔

Latest from Blog