969 میگا واٹ کا نیلم جہلم پروجیکٹ پھر جزوی طور پر بند

اسلام آباد(پی پی آئی)510 ارب روپے کی لاگت اور 20 ماہ کی طویل مدت میں مرمت کے مرحلے سے گزرنے والا 969 میگاواٹ کا نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبہ ایک بار پھر جزوی طور پر بند کردیا گیا۔ منصوبے کو کچھ روز قبل ہی بھرپور استعداد پر بحال کیا گیا تھا۔ہائیڈرو پاور منصوبے کو جولائی 2022 میں 3.5 کلومیٹر طویل ٹیل ریس ٹنل (ٹی آر ٹی) میں بڑی دراڑیں پڑنے کے بعد 13 ماہ کے لیے بند کردیا گیا تھا۔پی پی آئی کے مطابق پلانٹ سے بجلی اگست۔ ستمبر کے دوران دوبارہ پیدا کی جانے لگی تھی اور 29 مارچ کو 969 میگاواٹ کی انتہائی استعداد بھی حاصل کرلی گئی تھی۔ایک ہفتے کے دوران اپریل 3 کو 48 کلومیٹر طویل ہیڈ ریس ٹنل کا پریشر گرنے کے بعد بجلی کی پیداوار 400 میگاواٹ تک گر گئی۔نقصان کا تخمینہ لگانے اور ممکنہ طور پر فوری مرمت کے لیے بیرون ملک سے 6 ارب روپے کی لاگت سے ریموٹ کنٹرولڈ گاڑی منگوانے کی ضرورت ہے۔اس سے قبل بھی ٹیل ریس ٹنل کی مرمت پر 6 ارب کے اخراجات آئے تھے، جو کہ مرمت، درستگی اور ٹیسٹنگ کے دوران توانائی کی مد میں ہونے والے 37 ارب نقصانات کے علاوہ ہیں۔

Latest from Blog