ایف بی آر اپریل میں محصولات وصولی کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام

اسلام آباد(پی پی آئی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اپریل میں ہدف سے تقریباً 63 ارب روپے کم ٹیکس اکٹھا کر سکا، جس کی بنیادی وجہ مقامی محصولات اور کسٹمز ڈیوٹی میں تنزلی ہے۔ ابتدائی اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا گیا کہ اپریل میں 717 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں ٹیکس وصولی 654 ارب روپے رہی، اس میں گزشتہ سال کے اسی مہینے کے 486 ارب روپے کے مقابلے میں 34.56 فیصد کا اضافہ ہوا۔ ایف بی آر کو توقع ہے کہ 3 سے 4 ارب روپے مزید وصول ہو جائیں گے۔مالی سال 2024 کے ابتدائی 10 ماہ (جولائی تا اپریل) کے دوران ایف بی آر کی کلکشن 73 کھرب 63 ارب روپے رہی، جو 74 کھرب 25 ارب روپے کے ہدف سے 62 ارب روپے کی کمی ہے، فروری، جنوری اور اپریل 2024 میں محصولات میں کمی دیکھی گئی۔کہا گیا ہے کہ عید تعطیلات کی وجہ سے  ٹیکس کلکشن میں کمی ہوئی۔

Latest from Blog