نوکوٹ: نوکوٹ کے صرافہ بازار میں نامعلوم مسلح افراد نے سوناروںکے دو کروڑ سے زائد مالیت کے زیورات نقدی اور تجوری لوٹ لی۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح پانچ مسلح افراد وین میںسوار ہو کر شہر کے مین صرافہ بازار کے دو کان دار مہیش کمار سونارو ، سوائی سونارو ، کیلاش سونارو کی دکانوں کے تالے توڑ کے دکان میں موجود زیورات نقدی اور تجوری لے اڑے جس کی مالیت دو کروڑسے زائد بتائی جاتی ہے،واقع کی اطلاع ملتے ہی بیوپاری ایسوسی ایشن نوکوٹ کے عہداروں سمیت شہر یوں کی بڑی تعداد جائے وقوع پر پہنچ گئی اور واقعے کے خلاف غیر معینہ مدت کے لئے شہر میں شٹر ڈاﺅن ہڑتال کا اعلان کر دیا،دوسری جانب ایس ایچ او نوکوٹ اللہ ورایو ھنگورجو نے پولیس نفری کے ساتھ موقع پر پہنچ کر جائے وقوع کا معائنہ کیا، اوربیوپاری ایسو سی ایشن کے عہداروں اور متاثرہ سونارو ں کو یقین دہانی کروائی کہ بہت جلد ملزمان کو گرفتار کر کے لُوٹا ہو اسامان واپس لیا جائے گا، پولیس نے فوری طور پر شہر کے تمام خارجی اور داخلی راستوں کی ناکہ بندی کر دی ہے جبکہ بیوپاری ایسوسی ایشن نوکوٹ ، شہری اتحاد نوکوٹ اور تمام سیاسی سماجی تنظیموں کے ہزاروں کارکنوں نے بیوپاری ایسوسی ایشن کے صدر آصف رضا قائم خانی کی قیادت میں نوکوٹ میرپورخاص روڈ پر بھٹی گوٹھ اور بائے پاس کے مقام پر دھرنادے کر سڑک بلاک کردی اور ٹائر نذر آتش کر کے احتجاج کیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ نوکوٹ پولیس جرائم کی روک تھام میں مکمل ناکام ہو گئی ہے اورعلاقے کے عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں، متاثرہ سوناروں کیلاش ، مہیش کمار اور سوائی سونارو نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم عدم تحفظ کا شکار ہیں اس سے قبل بھی ہماری چوریاں ہوئی ہیں مگر انتظامیہ کی جانب سے کوئی اقدام اٹھا یا نہیں کی گیا، انھوں نے کہا کہ اس بار ہماری دو کروڑ سے زائد کی مالیت کا سامان لوٹاگیاہے، جب تک ہماری دکانوں سے لوٹاگیا سامان نہیں مل جاتا اور ڈاکو گرفتار نہیں ہوتے ہمارا دھرنا اور ہڑتال جاری رہے گی ۔