لاڑکانہ: لاڑکانہ میں جاری آل پاکستان انٹر بورڈ گرلز کرکٹ چیمپئن شپ کے دوسرے میچ میں لاڑکانہ نے کوئٹہ کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔لاڑکانہ میں جاری آل پاکستان انٹر بورڈ گرلز کرکٹ چیمپئن شپ میں کوئٹہ بورڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور چار وکٹوں کے نقصان پر ترانوے رنز بنائے۔ لاڑکانہ کی ٹیم نے بارہ اعشاریہ تین اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر چورانوے رنز کا ٹارگٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔ لاڑکانہ کی طالبہ حور پچیس رنز بناکر ناٹ آﺅٹ رہیں جبکہ کوئٹہ کی طالبہ کائنات دو وکٹیں لیکر نمایاں رہی۔ دونوں ٹیموں کی بالرز طالبات کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ کوئٹہ کی بالرز نے تینتالیس جبکہ لاڑکانہ کی بالرز نے اڑتالیس ایکسٹرا رنز دیئے۔ آل پاکستان انٹر بورڈ گرلز کرکٹ چیمئن شپ میں کل دو میچز کھیلے جائیں گے۔