فیفا ورلڈ کپ 2022کاسردیوں میں انعقاد ،انٹرنیشنل پلیئرز یونین کا خیر مقدم

لندن: انٹرنیشنل پلیئرزیونین کے صدر نے قطر میں 2022 فٹبال ورلڈ کپ کا انعقاد سردی کے موسم میں کرانے کا خیرمقدم کیا ہے۔ فٹبال کی گورننگ باڈی فیفا کے سیکریٹری جنرل جیروم والکے نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ2022کا ورلڈ کپ جون جولائی میں نہیں کرایا جائے گا بلکہ تجویز ہے کہ ایونٹ کو پندرہ نومبر سے پندرہ جنوری کے درمیان کرایا جائے تاکہ کھلاڑیوں کو گرم موسم سے بچایا جاسکے۔ انٹرنیشنل پلیئرزیونین نے اس بیان کا خیرمقدم کیا ہے۔ پلیئرزیونین کے صدر فلپ پیاٹ کا کہنا ہے کہ ان کیلئے یہ بہت بڑی خبرہے کیونکہ پلیئرزیونین کا موقف تھا کہ کھلاڑی سخت گرمی میں ایونٹ نہیں کھیل سکتے اس لئے اسے ٹھنڈے موسم میں کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پلیئرز یونین کا اس بات سے کوئی لینا دینا نہیں کہ ورلڈ کپ کیلئے قطر کو میزبان منتخب کرنا غلط ہے یا صحیح۔ پیاٹ کا کہنا ہے کہ گرمیوں میں قطر کا درجہ حرارت 35سے 45سینٹی گریڈ کے درمیان رہتا ہے جوکھلاڑیوں کیلئے کافی گرم ہے۔

Latest from Blog