ملکی سلامتی کے لیے ہر قدم اٹھا یاجائے گا : وزیر اعظم

لاہور: وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی کے لیے ہر قدم اٹھا یا جائے گا۔وزیراعظم میاں نواز شریف کا پیر صاحب پگارا سے ملاقات میں کہنا تھا کہ کراچی میں قیام امن کے لئے حکومت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔ کراچی کے مسائل پیچیدہ ہیں لیکن امن کی جانب مثبت پیشرفت ہو رہی ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف سے طالبان اور حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کے اراکین نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے کمیٹی ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ہر قسم کی دہشت گردی سے پاک کر کے عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا اور امن قائم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ عالمی برادری میں اپنا تشخص بحال کرنے اور عوام کی زندگیوں میں خوشگوار انقلاب لانے کیلئے امن کا قیام نا گزیر ہو چکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بطور وزیر اعظم یہ میرا آئینی، دینی، قومی، اخلاقی اور انسانی فریضہ ہے کہ میں آگ اور خون کا سلسلہ بند کر کے ملک اور عوام کو امن دوں اپنی یہ ذمہ داری نبھانے میں کوئی کوتاہی نہیں کروں گا۔ وزیر اعظم ہاوس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ طالبان کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے وزیر اعظم کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ قیام امن کے اس مشن میں ہم پوری طرح آپ کے ساتھ ہیں ۔اسے قبل کمیٹیوں کا اجلاس اکوڑی خٹک میںہوا۔ حکومتی کمیٹی کی طرف سے عرفان صدیقی، میجر( ریٹائرڈ )عامر، رستم شاہ مہمند اور رحیم اللہ یوسفزئی نے شرکت کی۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔

Latest from Blog