سندھ میں سی این جی لوڈ شیڈنگ کم ،پنجاب میں لاڈ شیڈنگ ختم کر نے کا فیصلہ

اسلام آباد: چئیرمین آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن غیاث عبداللہ پراچہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے سی این جی سٹیشنز پر عوام کی لائنیں ختم کرنے کے انتخابی وعدے پر عمل درآمد کا آغاز کرتے ہوئے پنجاب میں ہفتہ میں سات دن مخصوص اوقات میں سی این جی سٹیشنز کھلے رکھنے جبکہ سندھ میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ تین سے کم کر کے دو دن کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ لوڈ شیڈنگ میں مزید کمی کی جائے گی۔ پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ایسوسی ایشن اور حکومت کے مابین تمام معاملات پر اصولی اتفاق ہو گیا ہے اور وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی اس ضمن میں جلد باقاعدہ اعلان کر دینگے۔ یہ فیصلہ طویل مشاورتی عمل کے بعد کیا گیا جس میں وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی و دیگر اعلیٰ حکام، آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے چئیرمین غیاث پراچہ شریک تھے۔ اعلامیے کے مطابق غیاث پراچہ نے کہا کہ پنجاب میں تجرباتی طور پر مخصوص اوقات میں سی این جی دستیاب ہو گی جبکہ اتوار کو کوئی لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی۔ اس فیصلے سے عوام اور سی این جی مالکان کے مسائل ، ماحولیاتی آلودگی اور تیل کا درامدی بل کم، بجلی اور گیس کی پیک ٹائم میں بچت اور لاکھوں افراد کا روزگار یقینی بنایا جا سکے گا۔ نئے شیڈول پر حتمی فیصلے کیلئے سی این جی ایسوسی ایشن اور ایم ڈی ایس این جی پی ایل کا پیر کو لاہور میں اجلاس ہو گا۔

Latest from Blog