حکومت صحافیوں اور عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے: حلیم عادل شیخ

کراچی: مسلم لیگ قائد اعظم سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ حکو مت صحافیوں اور عوام جو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔انھوں نے کہاکہ مسلم لیگ ق سندھ میں صحافیوں پر بڑھتے ہوئے حملوں کی چھان بین اور مکمل تفتیش کا مطالبہ کرتی ہے اور اس سلسلے میں صحافی برادری کے احتجاج میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مسلم لیگ سندھ کے صوبائی سیکرٹریٹ میں گزشتہ روز نجی ٹی وی چینل پر حملے کے خلاف اپنا موقف دیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مسلم لیگ سندھ کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری جی آر بلوچ،کراچی ڈویڑن کے صدر جعفر الحسن ،نعیم عادل شیخ ،عبدالطیف رند ،شاہد عباسی اور یوتھ ونگ کے رہنما آغا رفیع اللہ اور سلطان بھٹی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔اس موقع پر مسلم لیگ کے رہنماوں کی جانب سے صحافت پر مسلسل حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ شدت پسندقوتوں نے صحافت کے آزادی رائے کو کبھی قبول نہیں کیا ہے اور حملوں میں ملوث عناصر صحافتی آزادی رائے کے کلچر کو تبدیل کردینے کی کوششوں میں مصروف ہیں مگر صحافت سے جڑا کوئی بھی فرد حق اور سچ کو دبانے کے لئے بالکل تیار نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ بات طے ہے کہ حکومت صحافیوں اور عام آدمی کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے اور اس سلسلے میں جو لوگ کہتے ہیں کہ لاہور محفوظ ہے ان کی کارکردگی کی قلعی بھی کھل چکی ہے۔اس موقع پر لیگی رہنماوں نے حکومت سے مطالبہ بھی کیا کہ دہشت گردی سے شہید ہونے والے صحافت کے پیشے سے جڑے وہ افراد چاہے وہ صحافی ہو سیکورٹی گارڈ ہو یا ڈرائیور انھیں معاضہ ادا کرے۔

Latest from Blog