بگ تھری نے پاکستان کو بگ فور کی دعوت دی تھی : نجم سیٹھی

لاہور: چئیرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہاہے کہ کرکٹ کے بگ تھری ممالک نے پاکستان کو بگ فور بنانے کی دعوت دی تھی لیکن سابق انتظامیہ نے انکار کر کے ملک کا نقصان کیا۔ دبئی میں آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کے لیے روانگی سے قبل لاہور ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ2020ءتک بھارت کے علاوہ تمام ممالک سے دورے طے ہو چکے ہیں۔ ملکی کرکٹ کے فروغ کے لیے بھارت سے کرکٹ کی بحالی بہت ضروری ہے، جس کے بغیر پیسہ نہیں بن سکتا۔ انھوں نے کہا کہ بگ تھری کا منصوبہ ان کے سامنے بنا پاکستان کو بگ فور کی پیش کش کی گئی تھی لیکن میرے بعد آنے والی انتظامیہ نے اسے رد کر دیا۔ بگ فور بنتا تو پاکستان کو ہر صورت میں بہت فائدہ ہوتا۔ اب آئی سی سی کو پاکستان کی کوئی ضرورت نہیں رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ حفیظ نے کپتانی چھوڑ کر اچھی مثال قائم کی ہے نئے کپتان کی سلیکشن میں ابھی بہت وقت ہے، ٹیم سلیکشن میں کسی قسم کی سفارش برداشت نہیں کروں گا۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ میں خود جائزہ لے کر کپتان اور کوچ کا انتخاب کروں گا۔ ٹیم میں کسی قسم کی گروپ بندی نہیں ، حفیظ اور مصباح کی قیادت میں ٹیم متحد رہی۔

Latest from Blog