پروفیسر عبدالعلیم خانزادہ کی زیر صدارت اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڑ کا خصوصی اجلاس

حیدر آباد: ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ حیدرآباد کے زیر اہتمام 22اپریل سے شروع ہونے والے گیارہویں اوربارہویں جماعت کے امتحانات کے سلسلے میں چیئرمین تعلیمی بورڈ حیدرآباد پروفیسر انجینئر عبد العلیم خانزادہ نے محکمہ تعلیم اور تعلیمی بورڈ حیدرآباد کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ22 اپریل 2014 سے ہونے والے امتحانات کو پرامن ،شفاف بنانے کے لئے نہ صرف تعلیمی بورڈ بلکہ صوبائی سطع پر بھی ویجیلینس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں،نقل کا رجحان ہمارے معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے اس کی روک تھام کے لئے ہم اورآپ سرگرم ِ عمل ہیں لیکن اس کی اولین ذمہ داری خود طالب علم ،والدین پر عائد ہوتی ہے۔ آخر وہ کیوں اپنے تابناک مستقبل کو تاریک کر رہے ہیں لیکن ہم نے اپنی ذمہ داری کے پیش نظر نقل کی روک تھام کے لئے 30ویجلینس کمیٹیز تشکیل دی ہیں ،جو کمشنر، ڈپٹی کمشنر، ڈائریکٹر کالجز، ڈائریکٹر اسکول کے علاوہ بورڈ انتظامیہ اور کالجز کے سینئر اساتذہ پر مشتمل ہیں۔ یہ کمیٹیاں میڈیا کے ساتھ امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کریں گی اور نقل کی روک تھام میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔ تعلیمی بورڈ نے طلبہ وطالبات کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی کے لئے ڈویژنل ،ضلعی افسران سے بھی رابطہ کیا۔پروفیسر انجینئر عبد العلیم خانزادہ نے کہا کہ سینٹرز میں مقرر انٹرنل سپریٹنڈینٹ کو مطلع کردیا گیا ہے کہ وہ کسی امیدوار کو امتحانی مرکز میں موبائل فون یا اس نوعیت کی کوئی ڈیوائس ہر گز نہ لانے دیں اور اسٹیرنگ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق اگرکسی امیدوار کی جگہ کوئی دوسرا طالبِ علم امتحان دیتا ہواپایا جائے تو اس کے خلاف ایف،آئی، آر درج کروائی جائے ،حیدرآباد تعلیمی بورڈ کے تحت 10 اضلاع میں کل 120 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں ،حساس مراکز حیدرآباد میں 9اور دیگر اضلاع میں 25ہیں ، اس میں فرسٹ ائیر کے 45326 اور انٹر میں47533کل92859 طلبہ و طالبات شریکِ امتحان ہوں گے ۔سیکریٹری تعلیمی بورڈعامر شفیق شیروانی نے کہا کہ حیدرآبادسمیت دس اضلاع بدین،سجاول، دادو، جامشورو، نواب شاہ، مٹیاری ، ٹھٹھہ ، ٹنڈو محمد خان اور ٹنڈو الہیار میں ہر سینٹر سے رابطے کے لئے ایگزامینیشن سیل مسلسل ہر ضلع میں بینکوں سے پیپر کے اوقات چیک کرتا ہے ، اورروزانہ امتحانی پیپر شروع ہونے سے اختتامی وقت تک مسلسل انٹرنل، ایکسٹرنل اور دیگر عملے سے رابطے میں رہے گا ، تما م رپورٹ روزانہ صوبائی سطح پر قائم مانیٹرنگ سیل کو دی جاتی ہے ، اجلاس میں ڈائریکٹر کالجز پروفیسر شکیل احمد صدیقی،ڈائریکٹر پرائیوٹ انسٹی ٹیوشن پروفیسر برکت حیدری ، ڈائریکٹر اسکولز محمد عالم تھیم ،ناظم امتحانات عبدالغنی شیخ، ڈپٹی کنڑولر ڈاکٹر مسرور احمد زئی،اسسٹنٹ کنٹرولرانوار احمد خان ،جاوید خالق شورو، سپریڈینٹ ذاکر حسین ،ا رشد شیخ دیگر نے شرکت کی ۔

Latest from Blog