کھیل صحت مند معاشرے کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں:مخدوم رفیق الزمان

حیدرآباد: رکن صوبائی اسمبلی مخدوم رفیق الزمان نے کہا ہے کہ کھیل ذہنی اور جسمانی نشو نما کے سا تھ ساتھ ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں اور اس کی اہمیت کو محسوس کرتے ہوئے آئندہ رمضان المبارک کے دور ان ہالا میں آل سندھ نائیٹ کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کرایا جائے گا ۔ یہ بات انھوں نے محمد داود میمن ہائی اسکول مٹیاری میں پہلا بیڈ منٹن ٹورنامنٹ کے فائنل کی تقریب تقسیم انعامات میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ تقریب میں سابقہ ایم پی اے جلال شاہ جاموٹ ، ڈپٹی کمشنر مٹیاری فیاض حسین عباسی ، ڈی ایچ او مٹیاری ڈاکٹر حسن مراد شاہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔ رکن صوبائی اسمبلی مخدوم رفیق الزمان نے کہا کہ ضلع مٹیاری میں کھیلوں کو فروغ دلانے کے لیے ڈپٹی کمشنر فیاض حسین عباسی کی خدمات قابل تعریف ہیں ۔ انھوں نے متعلقہ اداروں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے دفاتر میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس ایسو سی ایشن منظور کرائیں تاکہ اسکول کی سطح پر کھیلوں کو فروغ دیکر نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو اجاگر کیا جا سکے۔ اس موقع پر ڈی سی مٹیاری فیاض حسین عباسی نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی پہچان کھیلوں اور کھلاڑیوں کے ذریعے ہوتی ہے اور اس بات کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کھیلوں کو فروغ دلانے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ یہاں کے نوجوانوں کے اندر بہت زیادہ صلاحیتیں موجود ہیں جوکہ ضلع سے لیکر ملکی سطح پر دنیا میں اپنا نام روشن کرنے کیلئے کافی ہے اور اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کی ایسی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے انکی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ ساتھ عملی طور پر انہیں ایسے مواقع فراہم کریں تاکہ وہ اپنا اور اپنے ملک کا نام روشن کر سکیں ۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی مخدوم رفیق الزمان نے جیتنے والی ٹیم جنید اور احسن جنہوں نے فائنل میچ 2سیٹ سے جیتا کو شیلڈ اور نقد انعام دیا جبکہ رنرز اپ ٹیم رضوان اور دین محمد کو شیلڈ اور نقد انعام دیا۔

Latest from Blog