شیخ رشید کی موچکو، لسبیلہ، اسلام آباد میں درج مقدمات کے اخراج کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد(پی پی آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کی اخراج مقدمہ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق شیخ رشید پر ایک ہی الزام میں اسلام آباد اور دیگر شہروں میں درج مقدمات کیخلاف کیس کی سماعت جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کی،شیخ رشید اپنے وکلا سردار عبدالرازق اور سردار شہباز کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ پی پی آئی کے مطابق جسٹس طارق جہانگیری نے استفسار کیا کہ پولیس سے رپورٹ مانگی تھی، وہ آگئی ہے کیا؟،اسٹیٹ کونسل نے کہا کہ جی رپورٹ آگئی ہے اور عدالت میں جمع کرا دی ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ یہ بلو رانی والے الفاظ ایف آئی آر میں ہیں کیا؟،عدالتی ہدایت پر اسٹیٹ کونسل نے تھانہ موچکو میں درج ایف آئی آر پڑھی۔ عدالت نے کہا کہ ایف آئی آر میں بلو رانی اور دیگر الفاظ نہیں ہیں، یہ کس نے رپورٹ لکھی، اسکرپٹ ہے کیا؟ ایف آئی آر میں لکھا ہے بلاول بھٹو کے خلاف غلیظ اور غلط الفاظ بولے، جو الفاظ رپورٹ میں بتائے وہ ایف آئی آر میں نہیں، بیان یہاں دیا مقدمہ کراچی میں کیسے؟  عدالت نے کہا کہ فیصلہ محفوظ کرتے ہیں، فریقین میں کوئی کمنٹس دینا چاہے تو ایک ہفتہ میں دے دیں۔ یادرہے کہ شیخ رشید نے تھانہ موچکو، لسبیلہ اور اسلام آباد میں درج مقدمات کے اخراج کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

Latest from Blog